سوات :عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی ثمرہارون بلور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا موجودہ وزیراعلی محمود خان سلیکٹڈ ہونے کے باعث بے بس ہیں، فیصلوں کا اختیارکسی اور کے ہاتھ میں ہے اور ڈھائی سال گزرنے کے بعد بھی اپنے آبائی حلقے اور سوات کے عوام کیلئے کچھ نہ کر سکے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ٹیکس فری زون ملاکنڈ ڈویژن میں چور راستوں سے ٹیکس لاگو کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کی عوامی نیشنل پارٹی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ زرعی زمینوں پر سیکشن فور لاگو کر کے لوگوں کی زمینیں اور جنگلات ہتھیانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ایک وفاقی وزیر، دو صوبائی وزرا اور وزیراعلی کا سوات سے تعلق ہونے کے باوجود بھی سوات کے عوام حقوق سے محروم ہیں اور ان کے لئے آواز اٹھانے والا کوئی نہیں۔
سوات پریس کلب میں انفارمیشن کمیٹی کے اراکین رحمت علی خان، تیمور باز خان، حامد طوفان اور ضلعی صدر ایوب خان اشاڑی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو آئے ہوئے 30 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن غریب عوام کی قسمت آج تک نہیں بدلی، غریب عوام اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی دینے کے لئے ترس رہے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کا جن بے قابو ہوچکا ہے، حکومت مہنگائی قابو کرنے کی بجائے اپوزیشن اراکین کے خلاف جھوٹے مقدمے بنانے میں مصروف ہے، اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں روزمرہ کے حساب سے اضافہ کیا جارہا ہے، ایک مہینہ کے دوران تین دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، کرپٹ حکمرانوں کی دور حکومت میں پٹرول 66 روپے جبکہ فرشتوں کی حکومت میں 110 روپے فی لٹر سے اوپر ہے، بجلی کی قیمتوں میں ہر پندرہ دن بعد اضافہ کیا جارہا ہے، جس کے باعث کارخانے اور صنعتیں بند اور غریب بے روزگار ہو رہے ہیں۔
سلیکٹڈ حکمرانوں کے دور حکومت میں مزدور کی اجرت کے علاوہ ہر چیز کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ نااہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دیا ہے جسکا سارا خمیازہ غریب عوام کو اٹھانا پڑرہا ہے۔ وہ وزیراعظم جو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائی خودکشی کرنے کے دعوے کرتے تھے آج پورے ملک کے نظام کو آئی ایم کے اشاروں پر چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے سینیٹ انتحابات میں اوپن بیلٹ ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں، سینیٹ انتحابات نے حکمران جماعت کی آپسی پھوٹ اور اختلافات کا بھانڈہ پوڑ دیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی انتخابی اصلاحات کے خلاف نہیں لیکن ان اصلاحات کے لئے جو چور راستہ اختیار کیا جارہا ہے اے این پی اس کی کبھی حمایت نہیں کرے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصل واوڈا کے کاغذات منظور اور پرویزرشیدکے مستردہوناسمجھ سے بالاتر ہے، الیکشن کمیشن کو کسی خاص جماعت کا فریق بننے سے گریز کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حصہ ہے اورسینیٹ انتخابات میں پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر حصہ لے گی۔ پی ڈی ایم کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کے اختلافات میں کوئی صداقت نہیں، عوامی نیشنل پارٹی اپنے سیاسی موقف کے ساتھ پی ڈی ایم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی