اسلام آباد (این این آئی)15 مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چھ روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے قیمتوں میں ردوبدل کیلئے سمری حکومت کو ارسال کردی ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر تک اضافے کی تجویز کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز کی ہے۔ وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز پر اپنی تجویز دیگی۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا دوسری جانب چینی کی قیمت کو ایک بار پھر پر لگ گئے اور 10 بڑے شہروں میں قیمت 100 روپے فی کلو یا اس سے زائد ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہوگئی ہے اور اس کی قیمت 110 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے ، ملک کے 6 شہروں میں فی کلو چینی 100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 105 روپے، کوئٹہ، بہاولپور، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور میں 100 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے ، حیدرآباد میں 98 سے 100 روپے اور فیصل آباد میں 98 روپے کلو مل رہی ہے۔

اس کے علاوہ خضدار97، سرگودھا 96، سکھر 98، لاڑکانہ95 اور بنوں میں چینی 95 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 98 روپے50 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔