خیبر پختونخوا میں بارشو ں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ بدھ کی شام سے ہفتے کے دن تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظا میہ کو حفاظتی اقدامات کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا ہے جبکہ تیز بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پشاورکے شہریوں کو ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اپنانے کی بھی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو حالات پر نظر رکھے اورخصوصی کوآرڈی نیشن میٹگز منعقد کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ موجود ہے جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے سیاحوں کو دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اورعوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700پر دے سکتے ہیں۔
بدھ کی شام سے ہفتے تک بارشوں کانیاسلسلہ شروع ہونے سے قبل انتظامات کی ہدایت
