پشاور : ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کےباعث عوامی نیشنل پارٹی نے ملک بھر میں تمام تر سیاسی سرگرمیوں اور اجتماعات پر پابندی عائد کردی ۔
اس حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے اور کورونا سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے پیش نظر اے این پی نےاپنی سرگرمیا ں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کررہی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے تمام عہدیداران و کارکنان کو ہدایات جار ی کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے زير اہتمام اجتماعات اور سیاسی سرگرمیوں سے کے اہتمام سے گریز کیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے، عوام احتیاط نہیں کریں گے تو پھر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا نہیں جاسکے گا۔ اگر کورونا اسی تیزی کے ساتھ پھیلتا گیا تو ہسپتالوں اور طبی عملے پر دباؤ بڑھ جائےگا اور خدانخواستہ عوام کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑجائے گا۔
امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ اس صورتحال میں ملک بھر میں عوام کو ویکسینیشن کی اشد ضرورت ہے، حکومت عوام کو ویکسین کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے سے ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے والی ہے، حکومتی اور صحت کے متعلقہ ادارے ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے کہ ان حالات میں بہتر اندازمیں عوام کو صحت ضروریات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے مرکزی اورصوبائی حکومتوں سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کورونا کی وبائی صورتحال میں عوام کو معاشی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حکومت عوام کو ان سخت حالات میں خوراک اور دیگر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔