سوات: مینگورہ شہر میں سحر اور افطار کے دوران گیس کم پریشر اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز آگئے
علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ ناروا گیس لوڈشیڈنگ سے رنگ محلہ ، گمبت مائرہ ، ملوک آباد ، راجہ آباد ، پانڑ اور دیگر مضافاتی علاقے شدید متاثر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی کم گیس پریشر کا مسئلہ شروع ہوگیا ہے۔ ان علاقوں کے رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے محکمہ سوئی گیس کے عہدیداروں اور مقامی ایم پی اے سے اس مسئلے کی شکایت کی ہے ، لیکن ان کی یقین دہانی کے باوجود یہ مسئلہ بدستور برقرار ہے۔
رنگ محلہ کے رہائشی فاروق احمد نے بتایا ، "حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے دوران گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ، لیکن ہم گذشتہ ایک ہفتہ سے گیس کی بندش کا سامنا کر رہے ہیں۔”
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے انہیں سحر اور افطار کے دوران کھانا تیار کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
رنگ محلہ کی رہائشی سکینہ بی بی نے میڈیا کو بتایا کہ افطار میں گیس کی سپلائی مکمل طور پر منقطع ہوجاتی ہے اورہم گھرمیں لکڑی کا استعمال کرکے افطاری کے لئے کھانا بناتے ہے جو خواتین کے لئے بہت مشکل ہوتا ہے۔
ملوک آباد کے رہائشی عنایت الرحمن نے بتایا ، افطار میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور سحر پر کم پریشر نے مجھے کھانے کی تیاری کے لئے ایل پی جی سلنڈر خریدنے پر مجبور کردیا جس کی وجہ سے ہمیں اضافی اخراجات بھی ادا کرنا پڑرہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اس معاملے پر منتخب نمائندوں کی خاموشی پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر محکمہ گیس کے طرف سے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائے