سوات: نیب خیبرپختونخوا نے ایس ایس مارکیٹنگ مینگورہ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا، ٹیم سوات کا دورہ کرے گی .تفصیلات کے مطابق سوات کے مرکزی شہر مینگورہ کے کانٹی نینٹل پلازہ میں ’’ایس ایس مارکیٹنگ‘‘کے نام سے ادویہ کا کاروبار کرنے والا ثناء اللہ اور احسان اللہ نامی شخص لوگوں سے کاروبار کے نام پر پیسے لے کر انہیں کچھ ماہ تک ماہانہ منافع دیتا رہا۔ ساتھ لوگوں سے یہ بھی کہتا رہا کہ ان کے پیسوں سے ادویا کا بڑا کاروبار جاری ہے۔ مارکیٹ میں جان پہچان کے بعد ڈھیر سارے لوگوں نے اس کو کاروبار کے لیے کروڑوں روپے دیے۔ جس کے بعد سوات سے ایک اور مالیاتی فراڈ میں اہلِ سوات سے پچاس کروڑ سے زائد روپے لے کر ثنا اللہ نامی شخص مارچ 2020 میں فرار ہوگیا تھا۔
اب نیب کے طرف سے ایس ایس مارکیٹنگ مینگورہ کے خلاف انکوائری کے لئے ٹیم سوات کا دورہ کرے گی،نیب کے مطابق ایس ایس مارکیٹنگ مینگورہ کے خلاف عوام کو دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے۔انکوائری ٹیم 19 سے 21 مئی سوات کا دورہ کرے گی۔
نیب خیبر پختونخوا نے متاثرہ افراد کو انکوائری ٹیم سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ افراد سے رہنمائی کے لئے فون نمبر (9217619 (091 ) پر رابطہ کرنے کی ہدایت کردی،
یاد رہے کہ سوات میں اس سے پہلے بھی اس قسم کے فراڈ میں لوگوں کے اربوں روپے ضائع ہوچکے ہیں۔ سوات میں سب سے بڑا اسکینڈل ’’مضاربہ‘‘ والا تھا، جس میں ایک اندازے کے مطابق ایک ارب سے زائد رقم غیر قانونی طریقے سے’’ہنڈی‘‘ کے ذریعے باہر ممالک بھجوائی گئی تھی۔ اس کے بعد ’’بیٹری سکینڈل‘‘ میں بھی لوگوں کو 70 کروڑ سے زائد رقم سے محروم کیا گیا تھا،