خیبرپختونخوا میں ٹریفک کے بڑھتے حادثات کم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس نے نیا فارمولا تیار کرلیا، چالان فیسوں میں 1 ہزار تک اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے محکمہ ٹریفک نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثوں کہ شرح میں کمی کے لئے جرمانوں میں اضافہ کر دیا، اوور سپیڈنگ اورٹریفک سگنل توڑنے پر 1 ہزار تک جرمانہ ہوگا۔
اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اوور سپیڈنگ اورٹریفک سگنل توڑنے پر 1 ہزار تک جرمانہ ہو گا، لائٹس نہ ہونے کی صورت میں موٹر سائیکل پر 500 جبکہ موٹرکار کا 1ہزار روپےجرمانہ ہوگا۔سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 1ہزار روپے جرمانہ ہوگا
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رانگ وے پر موٹر سائیکل کو 600 جبکہ چھوٹی گاڑی کو 2 ہزار تک جرمانہ ہوگا، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں پر 1500 روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے نوعمر بچوں کے گاڑی چلانے پر بھی چالان فیس میں اضافہ کردیا ہے۔ پہلے نوعمر بچوں کو گاڑی چلانے پرصرف 500 روپے کاچالان ہوتا تھا ۔
نوعمر بچوں کے گاڑی چلانے کے واقعات بڑھنے پر حکومت سے 2000 روپے تک چالان فیس کرنیکی سفارش کی گئی لیکن خیبرپختونخوا حکومت نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے 5000 روپے کردیا۔