خیبرپختونخوا کے مزید سرکاری سکولز میں بھی سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے ایجوکیشن آفیسرز سے تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں جس کی روشنی میں نئے سکولوں کو ڈبل شفٹ کیلئے مخصوص کیا جائے گا.
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پشاور سمیت دوسرے اضلاع میں سیکنڈ شفٹ کے اجراء کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت 116 پرائمری و مڈل سکولوں، 41 مڈل سے ہائی اور 23 ہائی سے ہائر سیکنڈری سکولوں کا انتخاب کیا گیا تھا جس کی روشنی میں پہلے مرحلے کے تحت 129 سرکاری سکولز میں سیکنڈ شفٹ کا اجراء کیا گیا جن میں تین ہزار کے لگ بھگ طلبہ جن میں ایک ہزار طالبات اور 1560 لڑکے زیرتعلیم ہیں.
اس طرح دوسرے مرحلے میں مزید 230 سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کا اجراء کیا جائے گاجن میں سے اب تک 97 لڑکیوں اور 83 لڑکوں کے سکولوں کو منتخب کرلیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اضلاع کی جانب سے تفصیلات ملنے کے بعد صوبہ بھر میں سکینڈ شفٹ کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔