سوات(مارننگ پوسٹ )پاکستان پیپلز پارٹی مینگورہ سٹی کے نوجوان رہنما و امیدوار برائے صو بائی اسمبلی شہزادہ میانگل امیرزیب شہریار نے کہا ہے کہ سیاست ذاتی مفادات کیلئے عوامی خدمت کیلئے ہونا چاہیے بدقسمتی سے سیاست دان اتنے خود غرض بن چکے کہ معمولی کام کیلئے کئی بار ان کے گھروں کا طواف کرنا پڑتا ہے،چند محکمے عوامی نہیں بلکہ ایک شخص کے ذاتی لگ رہے ہیں اب بھی سوات کے مختلف مقامات پر سابقہ حکمران پارٹی کے کارندے ٹرانسفارمر اور گیس پائپ کی بنیاد پر مہم چلانے میں مصروف ہیں،سوات کے عوام کو گیس اور ٹرانسفارمر کی سیاست میں دھکیل دیا گیا ہے کبھی کسی نے سوچا ہے کہ سوات مسلسل کئی سالوں سے بدحالی کا شکار ہے سوات کی معیشت روز بروز گررہی ہے تعلیم یافتہ نوجوان بیروزگاری کے باعث ذہنی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،پائپ ،ٹرانسفارمر ،گلی کوچوں کی تعمیر سے ہٹ کر سوچنا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز طاہر آباد مینگورہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ سوات کی خدمت کیلئے نکلے ہیں سوات کومزید پسماندگی اور مسائل کے دلدل میں نہیں دیکھ سکتے اگر عوام نے اعتماد کیا تو مسائل کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کرینگے۔