سوات(مارننگ پوسٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اسٹبلشمنٹ کی پیدوارہے جو تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔عام انتخابات وقت سے پہلے ہی کرائے جائیں گے۔موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات میں سنجیدہ نہیں صرف عدالتی حکم پر اعلان تک محدود ہے،ہماری خارجہ پالیسی ابتداء ہی سے امریکہ کے ہاتھ میں ہے،پہلے امریکہ نے روس کے خلاف جنگ میں افغان زمین اور پاکستان استعمال کیا اور اب چین کے خلاف جنگ میں استعمال کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے وادی مرغزار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر ایوب خان اشاڑے،جنرل سیکرٹری شاہ دوران خان،سابق ایم پی اے شیر شاہ خان،سابق ایم پی اے سید جعفرشاہ،عاصم خان اور سابق تحصیل ناظم اکرام خان بھی موجود تھے۔میاں افتخار حسین نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کرونااورافغانستان کی صورت حال کو پیش نظر رکھ کر بلدیاتی انتخابات کو طول دے رہی ہے جبکہ عام انتخابات بھی قریب ہیں جس کی بناپر موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ اے این پی کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے بل کو اسمبلی لایا جائے کیونکہ مجوزہ تحصیل نظام سے ضلعی حکومتیں مشکلات سے دو چار ہوں گی،میاں افتخار حسین نے کہاکہ ماضی میں امریکہ نے ضیاء الحق کو استعمال کرکے ذاتی مفادات حاصل کئے اور روس کے خلاف جنگ میں چالیس سال سے اب تک پاکستان گرا رہاہے اور اب چین کے خلاف جنگ لڑی جارہی ہے۔ہماری ناکام خارجہ پالیسی نے پاکستان کو اجرتی قاتل بنادیاگیاہے جو بہت خطرناک ہے،میاں افتخار حسین نے کہاکہ دہشت گرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں جو امن کے لئے خطرے کی علامت ہے،انہوں نے کہاکہ جنگ نہیں امن اور مذاکرات ہی مسائل کا حل ہے اوراگر افغانستان کے مسئلہ کے حل کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار نہ کیا گیا تو تیسری جنگ عظیم چھڑ سکتی ہے انہوں نے کہاکہ اے این پی نے پارٹی کی تنظیموں کو فعال بنانے کے لئے چالیس روزہ مہم شروع کردی ہے اور پوری قیادت پارٹی کو منظم کرکے آنے والے انتخابات کے لئے بھرپور تیاریاں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ایک جماعت نہیں بلکہ اتحاد ہے اور ہمیں شوکازنوٹسز جاری کرکے اس اتحاد کو نقصان پہنچایا گیا۔