نوابشاہ: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردای نے اعلان کیا ہے کہ اگر آئندہ انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہو کر اقتدار میں آئی تو ہر اس خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے گی جس کا کوئی بھی فرد پہلے سے سرکاری ملازم نہ ہو۔ نوابشاہ میں تاجروں اور علاقائی معززین کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پی پی پی اقتدار میں آکر زیادہ سے زیادہ افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں ذراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے کی بہتری انتہائی ضروری ہے، اس کے لیے کسانوں کو تمام تر وسائل فراہم کیے جائیں گے تا کہ ذرعی پیداوار میں اضافہ ہوسکے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ انتخابات کا انعقاد مقررہ وقت پر ہونا چاہیے۔