پشاور()خیبر پختونخوا کے رواں مالی سال کیلئے 613ارب روپے سے زائد کا بجٹ تیار کر لیا گیا ہے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 195ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے وسائل کا حصہ 123ارب 90کروڑ روپے جبکہ بیرونی امداد اور قرضوں کی مد میں 71ارب 10کروڑ روپے شامل کئے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقامی حکومتوں کیلئے 29ارب 34کروڑ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اسی طرح پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے منصوبوں کیلئے 3ارب 32کروڑ روپے ،تعلیم کے شعبے کیلئے 9ارب 2کروڑ روپے، جنگلات کیلئے 2ارب 86کروڑ روپے، صحت کے شعبے کیلئے 7ارب 77کروڑ روپے، ملٹی سیکٹوریل منصوبوں کیلئے 2ارب 13کروڑ روپے، سڑکوں کی تعمیر کیلئے 8ارب 87کروڑ روپے اور ٹرانسپورٹ کے مختلف منصوبوں کیلئے 7ارب 11کروڑ روپے نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں۔