پشاور: خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست میں انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا، 20 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔
سینیٹر ایوب آفریدی کے مستعفی ہونے کے بعد خیبرپختونخوا سے سینیٹ میں خالی نشست پر انتخاب کا شڈنول الیکشن کمیشن نے جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کےمطابق سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب 20دسمبر کو ہوگا،کاغذات نامزدگی 30 نومبر سے 2 دسمبر تک جمع کئے جاسکیں گے جبکہ6 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کی جائےگی۔
اعلامیے کے مطابق ،کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 8 دسمبر تک داخل کی جاسکیں گے اور ٹربیونل اپیلوں پر فیصلہ 10 دسمبر تک کرے گا جبکہ 11 دسمبر کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی اور کاغذات واپس لینے کیلئے 13 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ایوب آفریدی نے وزیر اعظم کی ہدایت پر سینیٹ کے نشست سےاستعفیٰ دیا تھا تاکہ جس کے بعد مشیر خزانہ شوکت ترین کے لیے سینیٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
یہاں یہ بات مدِنظر رہے کہ شوکت ترین، رکنِ پارلیمنٹ نہیں ہیں اس لیے انہیں وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی اختیارات کے تحت 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کا منصب تفویض کیا گیا تھا۔
6 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد شوکت ترین کو وزیر اعظم کا مشیر خزانہ مقرر کردیا گیا تاہم بطور مشیر خزانہ وہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور ایکنک سمیت کمیٹیوں کی سربراہی کے مجاز نہیں ہیں۔ اس لیے انہیں خیبر پختونخوا سے سینیٹر بنایا جائیگا۔