مینگورہ:بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدواروں کی نامزدگی کے حوالے سے پارٹی کی قیادت کے فیصلے قبول کریں گے،فی الحال کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں ہوا تاہم موقع کی مناسبت اورقائدین کی مشاورت سے اتحادبھی ہوسکتاہے،موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب ہرطبقہ بری طرح متاثرہواہے،ان خیالات کااظہارشاہی خاندان کے چشم وچراغ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء میاں گل شہریارامیرزیب نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ سیاست خدمت کادوسرانام ہے اور ہمارے آباؤاجداد نے اس علاقے اوریہاں کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ تاریخ کاحصہ بن چکی ہے اورہم بھی اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل کرخدمت کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے لئے پیپلزپارٹی کے قائدین کی جانب سے پلاننگ اورمشاورت جاری ہے قائدین نے جوبھی فیصلے کئے وہ تمام کارکنوں اور عہدیداروں کو قابل قبول ہوں گے تاھم ہر ویلیج کونسل سمیت مئیر کی نشستوں کے لئے امیدوارسامنے لائیں گے جن کے لئے پارٹی کارکن مشترکہ طورپر الیکشن مہم چلائیں گے،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کومایوسی اور محرومی کے سواکچھ نہیں دیا،بجلی،پیٹرول سمیت دیگر تمام تر اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے سبب ہرطبقہ بری طرح متاثرہواہے،حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث غریب عوام خودکشی اور سفید پوش طبقہ فاقہ کشی پرمجبورہواہے،بڑھتے ہوئے مسائل اور مشکلات نے عوام کاجینامحال کردیاہے مگرحکمرانوں کوان کے حال پرذرہ بھرترس نہیں آتا،انہوں نے کہاکہ انصاف کے نام پر قائم حکومت نے ناانصافیوں،ظلم وزیادتی کی انتہا کردی ہے جس کے سبب عوام کے ساتھ ساتھ ان کے اپنے کارکنوں کا بھی حکومت سے پرسے اعتماد اٹھ چکا ہے اور وہ اس وقت پُرامیدنظروں سے پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہےہیں تاہم پی پی پی انہیں ہرگزمایوس نہیں کرے گی بلکہ ان کے مسائل کودورکرنے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات بلدیاتی الیکشن : پیپلزپارٹی قائدین کی جانب سے پلاننگ اورمشاورت جاری ہے۔میاں گل شہریارامیرزیب
