سوات(مارننگ پوسٹ)کمشنر ملاکنڈ سید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کانجو ائیرپورٹ کو قومی پروازوں کیلئے کھولنے کے مطالبے کا نوٹس لے چکے ہیں اور زیرتعمیر سوات جی ٹی روڈ کی جلد تکمیل کے احکامات کی طرح اس بارے میں بھی اہل سوات عنقریب خوشخبری سنیں گے سوات ائیرپورٹ سے پروازوں کا اجراء اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والی لاکھوں مقامی آبادی کے علاوہ سیاحتی نقطہ نظر سے بھی اہم ہے جس کی بدولت پورے خطے میں ٹورازم کی صنعت کو زبردست فروغ ملے گا وہ کبل کے تحصیل ناظم حاجی رحمت علی کی زیرقیادت سوات کے بلدیاتی نمائندوں اور زعماء کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اپنے بعض مسائل و مطالبات سے انہیں اگاہ کیا سید ظہیرالاسلام نے انکے مناسب ازالے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہری خوبصورتی، آبنوشی، آبپاشی، تعلیم و صحت، صفائی، بجلی وولٹیج اور مواصلات کی بہتری سمیت سوات کے دیرینہ اور بنیادی مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر بڑی سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے انہوں نے وفد کے استدلال سے اتفاق کیا کہ قومی پروازوں کے کامیابی سے آغاز کے بعد سوات ائیرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے قابل بنانے میں بھی دیر نہیں لگائی جائے گی جس سے فطرت کی رعنائیوں سے مالامال یہ پرکشش وادیاں غیرملکی سیاحت کیلئے بھی کھل جائیں گی انہوں نے سوات میں قیام امن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ اہل سوات کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا درایں اثناء کمشنر ملاکنڈ نے کبل میں جدید تحصیل بس اڈے کا افتتاح کیا کبل گالف گراؤنڈ کے قریب 12کنال وسیع رقبے پر محیط اس نوتعمیر شدہ بس اڈے میں ہر قسم کی مسافر گاڑیوں کے الگ سٹینڈز، زنانہ و مردانہ انتظارگاہوں، واش رومز، واٹر سپلائی، مارکیٹ و دکانوں، مسجد، سروس سٹیشن، دفاتر اور فرش بندی سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کی گئی ہیں کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ تحصیل سطح پر جدید بس اڈوں کا قیام ناگزیرضرورت ہے تاکہ بڑے شہروں میں ٹریفک کا اژدھام کنٹرول کیا جا سکے کبل میں جدید بس سٹینڈ کے قیام سے یہاں کی ساڑھے چار لاکھ آبادی کے علاوہ سوات آنے والے دیگر لاکھوں سیاحوں کو بھی آمد و رفت اور ٹریفک کی بہترین سہولیات مہیا ہونگی اور منگورہ بگ سٹی پر گاڑیوں کا رش کم ہو گا سید ظہیرالاسلام شاہ نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ نو تعمیر شدہ بس سٹینڈ میں تمام تر جدید سہولیات کی فراہمی کے باوجود پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تمام سرمایہ کاری نجی شعبے کی طرف سے کی گئی اور حکومت کے کروڑوں روپے کے فنڈز بچائے گئے اسی طرح بس سٹینڈ سے سالانہ کروڑوں کی آمدن میں 56فیصد حصہ ٹی ایم اے اور باقی 44فیصد نجی شعبے کو ملے گا جبکہ ٹی ایم اے کو ٹرانسپورٹ لائسنس فیس اور دیگر مدات میں حاصل ہونے والی آمدن اسکے علاوہ ہے جو دوسروں کیلئے بھی مثال ہے کمشنر ملاکنڈ نے ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل سطح کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام شعبوں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اور انہیں سماجی انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں انہوں نے مزید واضح کیا کہ حالیہ عام انتخابات کے تناظر میں اعلیٰ و ادنیٰ تمام سرکاری اہلکار بھرپور غیرجانبدی کا مظاہرہ کریں اور شفاف و منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں انہوں نے تقریب کے شرکاء سے پاکستان زندہ باد کا فلک شگاف نعرہ لگواتے ہوئے یقین دلایا کہ ایک تابناک مستقبل پاکستانی قوم کا منتظر ہے کیونکہ اس زندہ قوم میں جوہر قابل کی کوئی کمی نہیں۔