پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبے کی باشعور عوام نے اس دفعہ بھی لٹیروں کو مسترد کر دیا، بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں۔


صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پرکارکنان اور امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی کامیابی حق و سچ کی جیت ہے، نتائج نے ثابت کر دیا صوبے کے عوام ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ ہیں، انتخابات کے نتائج اپوزیشن والوں کے لئے بڑا سبق ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری حاصل کی ہے، عوام نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، آج تاریخی دن ہے خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے، مکمل نتائج کے بعد زیادہ نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے ہونگے، وزیراعلیٰ نے صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا، ضم اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوئے۔