وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر سیف نے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور وزیر برائے اعلٰی تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 32 تحصیلوں میں پی ٹی آئی کو سبقت حاصل ہے۔ان نتائج سے پچھلے انتخابات میں چند سیٹیں لینے والوں کے منہ بند ہوگئے ہیں۔عوام نے لوٹوں کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹونک دیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان، وزیراعلی محمود خان اور تمام پارٹی کارکنان کو کامیابی مبارک ہو۔ وزیراعظم عمران خان کا پیغام لوٹوں کے علاوہ سب کو سمجھ میں آ چکا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں کچھ پارٹیوں کا دور دور تک پتہ نہیں لگ رہا.
وزراء نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنی کرتوتوں سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو جگایا. پاکستان تحریک انصاف نے 27 مارچ کو اپوزیشن کو اپنا پاور دکھا دیا ہے. آج بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی نے اپنی مینڈیٹ کی ایک اور جھلک دکھا دی. چترال سے لے کر جنوبی وزیرستان تک پاکستان تحریک انصاف کا بول بالا ہوگیا. آج وزیراعظم عمران خان کے وژن اور ہماری آٹھ سالہ پرفارمینس پر اعتماد ہے۔ پُرانے پاکستان کا چہرہ دکھا کر پی ٹی آئی کا ورکر جاگ گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کے ذریعے ضمیر فروشوں کو گھر میں گھس کر ہرایا ہے. دیگر جماعتیں خیبرپختونخوا میں غیر ضروری ہو چکی ہیں. وزیراعظم عمران خان نے استعماری طاقتوں کے خلاف آواز جہاد بلند کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام غربت میں زندگی گزار لیں گے لیکن ضمیر کو نہیں بیچیں گے. بلدیاتی انتخابات میں پارٹی رہنما پرویز خٹک، وزیراعلی محمود خان اور دیگر کی کارکردگی رنگ لے کر آئی ہے.
وزراء کا یہ بھی کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام نے اپنی سیاسی شعور بیدار ہونے کا ثبوت دیدیا۔بلدیاتی اتخابات کے نتائج عدم اعتماد کے ووٹ کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ نتائج دیکھ کر لگتا ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی عوامی نمائندوں کا ضمیر جاگ جائے گا۔منحرف ارکان کے انجام وہی ہوگا جو بلدیاتی انتخابات میں اپوزیشن کا ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی واحد مقبول عوامی پارٹی بن چکی ہے