پشاور() عام انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ہی ملک بھر کے بلدیاتی ادارے دوبارہ سے فعال کر دئے گئے ہیں تمام ناظمین ، میئر اور چیئرمین اب اپنے اختیارات کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری مراعات بھی دوبارہ سے حاصل کر لیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ملک بھر کے تمام بلدیاتی نمائندوں کو سرکاری وسائل اور اپنے اختیارات کے استعمال سے روک دیا تھا اسی طرح ملک بھر کے تمام میئر و ڈپٹی میئر، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین اور ناظمین و نائب ناظمین کو معطل کر دیا گیا تھا ۔ الیکشن کمیشن کے حکم نامہ کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کو 25جولائی کے عام انتخابات تک معطل کیاگیاتھااوراب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد تمام بلدیاتی نمائندے دوبارہ سے فعال ہو گئے ہیں۔ محکمہ بلدیات ذرائع کے مطابق دوبارہ فعال ہونے کا اعلامیہ جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ انکی معطلی کی آخری تاریخ حکم نامہ میں موجود تھی اور اب وہ تاریخ گزر جانے کے بعد وہ دوبارہ سے اپنی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں ۔ ناظمین و نائب ناظمین اپنے دفاتر کے استعمال سمیت اب گاڑیاں بھی استعمال کر سکیں گے ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے واضح احکامات بلدیاتی نمائندوں نے الیکشن مہم کے دوران کئی مرتبہ نظرانداز کئے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی بلدیاتی نمائندے کیخلاف کوئی کارروائی سامنے نہیں آ سکی