مارننگ پوسٹ:بنکاک میں ساتویں انٹر نیشنل تائی کوانڈو چمپئن شپ میں پاکستان کے لئے گولڈ مڈل حاصل کرنے والے سوات کے عامر خان وطن واپس پہنچ گئے۔ ائیر پورٹ پر کسی سرکاری شخصیت نے ان کا استقبال نہیں کیا۔ چکدرہ انٹر چینج پہنچنے پر سٹی میئر شاہد علی خان اور سوات کے نوجوانوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان کو جلوس کی شکل میں سوات لائے۔ مینگورہ پہنچنے پر قمبر بائی پاس میں صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی اور لوگوں نے ان کا استقبال کیا اور ان کو جلوس کی شکل میں ان کے گھر واقع امانکوٹ لے گئے۔ اس موقع پر عامر خان نے کہا کہ یہ گولڈ مڈل میں نے پاکستان کے لئے حاصل کیا ہے اور اس کو میں پاکستان اور سوات کے عوام کے نام کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ عامر خان اس چمپین شپ کے لئے پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے گئے تھے، لیکن ایسوسی ایشن نے ان کو کہا تھا کہ ہوائی جہاز کا ٹکٹ خود خریدنا ہوگا، جس کی وجہ سے دوستوں نے ان کے لئے چندہ کرکے جہاز کا دو طرفہ ٹکٹ خریدا تھا۔