عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ آج بھی صوبے کے مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پختون قوم کو ذلیل کیا جارہا ہے۔ پختون قوم کو اعتماد میں لئے بغیر کسی بھی آپریشن کی بھر پور مزاحمت کرینگے۔ ڈالروں کی اس جنگ نے ہمیں دیوار سے لگایا ہوا ہے۔ دہشت گردوں کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دینگے۔ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم ہورہاہے۔ ان پر ظلم بند کرکے ان کو انکا حق دیا جائے۔ ہم اپنے پولیس شہدا کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہیں۔ اے این پی پختون قوم کی نمائندہ جماعت ہے اور پختون قوم کی جنگ لڑرہی ہے۔ ہم نے امن کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ مزید بدامنی کسی بھی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سوات مینگورہ میں یومِ بابڑہ کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں ایک بار پھر حالات خراب کئے جارہے ہیں، لیکن ہم ڈٹ کر ان حالات کا مقابلہ کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل فیض کو ہاؤسنگ سکیم میں گرفتار کرکے ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ اس پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا جائے۔ سوات میں مٹہ اور تلیگرام چوکیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، شہادت اور اس قسم کا ہر واقعہ ناقابلِ برداشت ہے۔
دہشت گردوں کو دوبارہ مسلط نہیں ہونے دینگے۔میاں افتخار حسین
