خیبر میڈیکل یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ضیاء الحق اور سیکرٹری اطلاعات ارشد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لا رہی ہے۔ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، جس کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کی تحصیل بریکوٹ میں بریکوٹ کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے باقاعدہ فیتہ کاٹ کر کالج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سوات بورڈ کے چیئرمین تسبیح اللہ خان، سیکرٹری عمر حسین خان اور علاقہ عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کی سہولیات صوبے کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات لا رہی ہے۔ موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے کہ اس صوبے کے ہر فرد کو صحت کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں، جو کہ پورے ملک کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نرسنگ کالجوں میں 64 ہزار طلبہ و طالبات پڑھ رہے ہیں، جو آگے بڑھ کر ملک وقوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ اسکا مقصد بھی یہی ہے کہ یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں باعزت روزگار کی فراہمی ہو۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی نرسنگ اور دیگر سٹاف کے بغیر ممکن نہیں۔
عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مفت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،سیکرٹری اطلاعات ارشد خان
