ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگردی واقعات میں 142 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ 133 شہری بھی ان واقعات میں جاں بحق ہوئے ہیں، ان واقعات کے دوران 739 دہشتگرد گرفتار ہو چکے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے خیبر پختونخوا میں رواں سال ہونے والی دہشتگردی کی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشتگردی واقعات میں 142 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ 739 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشتگردی کے 636 واقعات پیش آئے۔
دہشتگردوں کی جانب سے 6 خودکش حملے، 113 آئی ای ڈی بلاسٹ جبکہ فائرنگ کے 355 واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں 142 پولیس اہلکار شہید، 214 زخمی ہوئے جبکہ 133 شہری شہید اور 246 زخمی ہوئے ہیں۔ صوبہ میں 2 ہزار 981 انٹیلیجننس بیسڈ آپریشن کیے گئے، جس کے نتیجے میں 29 انتہائی مطلوب دہشتگردوں سمیت 739 دہشتگرد پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کی کارروائیوں میں 246 دہشتگردوں ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے 849 کلوگرام بارودی مواد سمیت، دستی بم ، 7 خودکش جیکٹس 162 مختلف قسم کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔