سوات:تحصیل کبل کے تھانہ شاہ ڈھیرئی کی حدود میں واقع علاقہ مانڑئی میں ملزمان پر پولیس چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ، پولیس بال بال بچ گئی۔ ملزمان نے ایک پولیس آفیسر کو یرغمال بنا کر زخمی کردیا اور پولیس کی گاڑی جلا دی۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او شاہ ڈھیرئی پولیس نفری کے ہمراہ ملزمان محمد زیب شیرین، محمد شاہ، فضل حق، انور علی پسران بخت جہان ساکنان مانڑئی کو گرفتار کرنے گئے تھے۔ اس دوران ملزم محمد زیب نے اپنی گرفتاری سے بچاو کے لیے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور ایک پولیس آفیسر کو یرغمال بنا کر زخمی کردیا۔ نیز پولیس کی گاڑی بھی جلا دی۔ پولیس کی اطلاع پر پولیس لائن سے مزید نفری کو علاقہ میں روانہ کردیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ دوسری جانب مبینہ ملزمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے بغیر کسی وارنٹ کے ان کے گھر پر چھاپا مارا۔ نیز ان کے گھر کو آگ لگائی اور فائرنگ کی۔ جس پر علاقہ کے لوگ مشتعل ہوگئے۔