ویب ڈیسک: حکومت نے سرکاری دفاتر میں بائیومیٹرک سسٹم کے بعد اب چہرہ شناسی پر مبنی جدید حاضری نظام متعارف کرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، جس کا مقصد ملازمین کی حاضری کو مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس نئے سسٹم کے تحت پرانے کاغذی رجسٹرز اور فنگر پرنٹ بائیومیٹرک نظام کو ختم کیا جا رہا ہے۔ ملازمین کو روزانہ صبح اور شام اپنے چہرے کی اسکیننگ کرانی ہوگی، جس سے ان کی حاضری خودکار طور پر ریکارڈ ہو جائے گی۔ اس طریقہ کار سے دفاتر میں دیر سے آنے، جلدی جانے اور غیر حاضری جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن پشاور میں یہ نظام پہلے ہی کامیابی سے چل رہا ہے۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس نظام کے نفاذ کے لیے درکار اخراجات کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ بجٹ کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔