بنوں: سی ٹی ڈی سے مقابلے میں دو دہشتگرد ہلاک
بنوں میں انسداد دہشتگردی فورس (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مطلوب دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت حسین احمد اور انعام تورو عرف جہاد یار کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔ دونوں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کو مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
لکی مروت: نامعلوم افراد کی فائرنگ، دو ٹریفک اہلکار شہید
لکی مروت کے تھانہ غزنی خیل کی حدود میں گل باز دھقان کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ شہداء کی شناخت اسرائیل اور ثناء اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو گاؤں لونگ خیل سے تعلق رکھتے تھے اور ڈیوٹی کے لیے تاجہ زئی اڈہ جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور دونوں اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔