ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں‌ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض 5 میں سے 4 امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہو گئے، ان میں‌عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی کوششیں بالآخر رنگ لے آئیں، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 5 میں سے 4 امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوگئے، ان امیدواروں میں‌ عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی شامل ہیں، جبکہ خرم ذیشان نے دستبردار ہونے سے انکارکر دیا.پی ٹی آئی کے ناراض سینیٹ رہنما ارشاد حسین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینےکی درخواست کر دی۔
عرفان سلیم نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کا ہر فیصلہ منظور ہے، اس بارے میں‌عائشہ بانو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہمیشہ لبیک کہا ، جبکہ ارشاد حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی فیصلے کو ذاتی مفاد پر ہمیشہ ترجیح دی اور اب بھی ایسا ہی کیا، وقاص اورکزئی کے مطابق سیٹ جیت جانا ایک وقتی معاملہ ہے، جبکہ نظریہ ہمیشہ قائم رہتا ہے اور ہم نظریے کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے چاروں امیدواروں کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وقاص اورکزئی، ارشاد حسین، عرفان سلیم اور عائشہ بانو نے پارٹی فیصلے پر لبیک کہا، جسے سراہا جانا چاہئے، آج وفادار کارکنوں کے اس مثالی فیصلے سے بانی پی ٹی آئی کے نظریے کی جیتہوئی، نظریاتی کارکنوں نے ایک بار پھر پارٹی کا وقار بلند کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان نے حلف اٹھالیا۔مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری کے بعد خیبر پختونخوا کا ایوان مکمل اور سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج پورا ہوگیا۔