سوات (25 جولائی 2025) – یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (UVAS)، سوات کی اکیڈمک کونسل کا دوسرا باضابطہ اجلاس آج جامعہ کے مرکزی کیمپس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت معزز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔
اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اندرونی اراکین سمیت ملک کی معروف جامعات سے مدعو کردہ ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈمیشنز، نصاب، تدریسی معیار، اور انتظامی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ فال سمسٹر 2025 کے لیے یونیورسٹی کے 09 مختلف ڈیپارٹمنٹس میں داخلے کھولے جائیں گے۔ اس موقع پر اراکین و ماہرین نے تعلیمی بہتری کے لیے قیمتی تجاویز بھی پیش کیں، جن کا مقصد ادارے کے تعلیمی معیار اور مجموعی کارکردگی کو مزید فروغ دینا ہے۔
بیرونی ماہرین میں گومل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شفیع اللہ خان، ڈاکٹر محمد کمال شاہ، ڈاکٹر علی زمان خان، اور پروفیسر ڈاکٹر اسماء (زوم کے ذریعے) شامل تھے، جنہوں نے اجلاس کی کارروائی کو سراہا اور تعلیمی ترقی کے لیے مفید مشورے دیے۔
اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ UVAS، سوات مستقبل میں بھی معیاری تعلیم و تحقیق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرتا رہے گا۔