گوگل اے آئی کا یہ شاندار اقدام پاکستانی طلبا کے لیے ایک غیر معمولی موقع بن گیا ہے۔ جس کے تحت 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طالبعلم گوگل اے آئی پرو پلان کی ایک سالہ سبسکرپشن بالکل مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ معمول کے مطابق اس پلان کی ماہانہ فیس 5600 روپے ہے۔ لیکن اب طلبا یہ سہولت بلا معاوضہ استعمال کر سکیں گے۔اس پیشکش کا مقصد طلبا کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم، تحقیق اور تخلیقی کاموں میں بھرپور مدد فراہم کرنا ہے۔ اس پلان کے تحت گوگل کا جدید ترین جیمنائی 2.5 ماڈل استعمال کرنے کی سہولت ملے گی، جس سے طلبا ڈیپ ریسرچ، اسائنمنٹس اور پروجیکٹس کو زیادہ مؤثر انداز میں مکمل کر سکیں گے۔
جیمنائی کو جی میل، گوگل ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز اور میٹ میں بھی شامل کیا گیا ہے، تاکہ طلبا ای میلز کا خلاصہ بنا سکیں، پریزنٹیشن تیار کریں اور ڈیٹا کا تجزیہ آسانی سے کر سکیں۔
اس کے ساتھ ساتھ نوٹ بک ایل ایم جیسے اے آئی ٹولز طلبا کو ذاتی نوعیت کی ریسرچ اور تحریری مدد فراہم کریں گے، جبکہ آڈیو اوور ویوز اور نوٹس بنانے کی رفتار بھی کئی گنا بڑھ جائے گی۔
مزید یہ کہ طلبا جدید اے آئی ویڈیو ٹولز جیسے ویو 3 اور فلو کے ذریعے تحریر یا تصاویر سے ڈائنامک ویڈیوز بھی بنا سکیں گے، جو تخلیقی میدان میں ایک بڑا فائدہ ہے۔یہ مفت سبسکرپشن پاکستانی طلبا کے لیے نہ صرف ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھائے گی بلکہ انہیں مستقبل کے ڈیجیٹل دور میں مسابقت کے قابل بھی بنائے گی۔















