وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں قائم پناہ گاہوں کے لئے درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور پجگی روڈ پر واقع پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا اور مقیم افراد سے ملاقات کرکے مسائل و احوال دریافت کئے.
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیااور پناہ گاہ کے مکینوں کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں 10فعال پناہ گاہیں عوام کو سہولت فراہم کر رہی ہیں جبکہ 11ویں افتتاحی مرحلے میں ہے،صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ضرورت کے مطابق نئی پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔
اس موقع پر پناہ گاہ میں مقیم افراد نے خواتین کے لئے علیحدہ پناہ گاہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
پناہ گاہ میں رہائش پذیر افراد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنائیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پناہ گاہوں کے لیے تمام درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کا وژن ہے جس کے تحت عام آدمی کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کو اس عوامی فلاحی منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، نگران دورِ حکومت میں بند کیے گئے فنڈز کا مکمل ازالہ کیا جائے گا۔













