اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ قلت ایل این جی درآمد کر کے پوری کی جائے گی۔ ای سی سی نے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دے دی، پاور سیکٹر کے لئے اسلامک فناسنگ کی سہولت دینے، گردشی قرضہ میں کمی کیلئے 200 ارب روپے کے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی نے موسم سرما کیلئے گیس لوڈمینجمنٹ پلان کی منظوری دیدی، جس کے تحت گیس کی کمی آر ایل این جی کے ذریعے پوری کی جائے تا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنی پڑے۔ اجلاس میں پاور پاک مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا پلان بھی منظور کر لیا، کمپنی کی گارنٹی حکومت پاکستان دے گی، پاور سیکٹر کے گردشی قرضہ میں کمی کیلئے 200 ارب روپے کے اسلامی بانڈز جاری کئے جائیں گے۔وفاقی حکومت نے تندوروں کے لیے گیس کی پرانی قیمت بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کا اطلاق روٹی کے تندوروں پر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد نا بائی گیس کے بل پرانے نرخ کے حساب سے ادا کریں گے۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ گیس کی قیمت میں اضافے سے تندور کی روٹی اورنان کی قیمتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر کیا۔

ایل این جی درآمد