سوات(مارننگ پوسٹ) ڈپٹی کمشنر بونیر شفیع اللہ خان نے چغرزئی میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول پاندیڑ کی تقریب تقسیم انعامات میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر اساتذہ، والدین اور طلباء کے علاؤہ ناظم ضلع بونیر ڈاکٹر عبیداللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گاگرہ لطیف الرحمن اور تحصیلدار چغرزئی بھی موجود تھے تقریب سے اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر بونیر نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی اور اجتماعی وانفرادی شعورکا تصور بھی ممکن نہیں دُنیا نے صرف تعلیم کی بدولت ترقی کی ہے تعلیم کے حوالے سے ہمارا مذہب واضح اور دوٹوک موقف رکھتا ہے کہ علم حاصل کرنا مرد اور عورت دونوں پر فرض ہے یہاں تک کہ ہمیں علم حاصل کرنے کے کیلئے چین جیسے دور دراز ممالک تک سفر کرنے کے احکامات اورواقعات ملتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ صرف لڑکوں کی تعلیم سے ہم تہذیب یافتہ اور ترقی یافتہ قوموں کے برابر کھڑے نہیں ہوسکتے ہمیں بچیوں کو بھی سکول بھیجنا ہوگا اور اُن کی تعلیم پر توجہ دینی ہوگی اُنہوں نے دینی اور قومی تناظر میں بچیوں کے تعلیم اور خواندگی کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور زور دیکر کہا کہ ہمیں قومی جذبے کے ساتھ خواتین کو تعلیم یافتہ بنانا ہوگا تعلیم یافتہ والدین ہی ملک و ملت کو بہتر اور باشعور مستقبل دے سکتے ہیں ڈپٹی کمشنر نے سکول کے طلباء کی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اُن کے روشن مستقبل کی دعا کی اور آنے والے وقتوں میں ملک کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اُنہوں نے سکول اساتذہ کو بھی بہترین کارکردگی پر شاباش دی والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اپنے بچوں اور بچیوں کو ضرور سکول و کالج بھیجا کریں نیز اُن سے چھٹی کے بعد ہوم ورک اور اسباق کے بارے میں ضرور پوچھا کریں کیونکہ یہی بچے ہم سب کا مستقبل ہیں اور ہمیں اپنا مستقبل روشن دیکھنا ہے تاریک نہیں قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سکول کے طلباء میں بہترین کارکردگی پر انعامات تقسیم کئے بعد میں انہوں نے سکول کے اڈیٹوریم ہال کے تعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا۔