پشاور()خیبر پختونخواحکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان صوبے سے سالانہ 80ہزار گدھے چین کو سپلائی کرنے پر اتفاق ہوگیاہے اس سلسلے میں جلد ہی معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ چینی کمپنیاں صوبے میں گدھوں کی افزائش نسل کیلئے فارمز بنانے کی پابند ہوںگے، چینی کمپنیوں سے معاہدہ ہونے کی صورت میں صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ملے گی۔ ذرائع کے مطابق سال 2017میں چین میں ہونے والے روڈ شو میں محکمہ لائیوسٹاک خیبر پختونخوااور ایک چینی کمپنی ژن جینگ بیورو کے درمیان ایک ارب 47کروڑ روپے کی گدھوں کی تجارت کے لئے معاہدے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے بعدازاں مذکورہ کمپنی کے ساتھ حکومتی فرم نہ ہونے سے مذکورہ معاہدے کو ختم کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اب چین کی دو حکومتی اور پرائیوٹ کمپنیوںنے مشترکہ طور پر محکمہ لائیوسٹاک خیبر پختونخوا سے رابطے کئے ہیں اور جلد اس حوالے سے صوبائی حکومت اور چینی کمپنیوںکے درمیان معاہدہ طے ہو گا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے چینی کمپنیوں کے ساتھ شرائط طے کی ہیں جس کے تحت چین کو سالانہ 80ہزار گدھے خیبر پختونخوا سے سپلائی کئے جائینگے جبکہ چینی کمپنیاں صوبے میں گدھوں کی افزائش نسل کے لئے فارمز بنانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے ترقی کے لئے بھی فنڈز فراہم کریںگی، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹا ک خیبر پختونخواڈاکٹر شیر محمد خان کے مطابق چین کے ساتھ گدھوں کی تجارت سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ملے گی جبکہ صوبے میں اس کاروبار سے وابستہ لوگوں کو بھی مالی فوائد ملیںگے ۔ ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک کے مطابق اس وقت چین کی چار کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی دو کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کا امکان ہے ان کے مطابق مذکورہ کاروبار سے صوبے میں گدھوں کا غیر قانونی کاروبار بھی ختم ہوجائے گا۔