پشاور(اے پی پی)خیبر پختونخوا پولیس کے اب تک 7111مرد اور 69لیڈیز اہلکار ایلیٹ کمانڈو ٹریننگ مکمل کرکے صوبے کے کونے کونے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر خیبر پختونخوا پولیس فورس کے اہلکاروں کو جدید کمانڈو ٹریننگ سے آراستہ کرنے کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی جس پراب تک 15بنیادی کورسز کا اہتمام کیا گیا جن میں 7111 مرد اہلکارکمانڈوز تربیت مکمل کر چکے ہیں جبکہ دو بنیادی کورسزمیں 69 خواتین کمانڈوز تربیت مکمل کرچکی ہیں، لیڈیز پولیس کو بھی ان سخت اور کٹھن مراحل سے گزرنا پڑا جن سے مرد کمانڈو ز کو گزرنا پڑتا ہے، لیڈیز پولیس کے69 ارکان پر مشتمل یہ دونوں دستے مرد پولیس ایلیٹ کمانڈوز کے شانہ بشانہ فیلڈ میں دہشت گردوں اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشنوں اور کاروائیوںمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ واضح رہے کہ لیڈیز پولیس کا تیسرا دستہ آجکل نوشہرہ ٹریننگ میں تربیت حاصل کررہا ہے اور بہت جلد ایلیٹ کمانڈو ٹریننگ کا حصہ بن جائے گا۔یہاں پر امر قابل ذکرہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں دو لیڈیز پولیس اہلکار(نوشہرہ اور سوات)اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرچکی ہیں۔