پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے تمام اضلاع میں سرکاری ملکیتی زمینوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے اور سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے ختم کرنے کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کے پرفارمنس منیجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کی طرف سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جیوگرافک انفارمیشن سسٹم ( جی آئی ایس) کے ذریعے اپنے متعلقہ اضلاع میں سرکاری ملکیتی زمینوں کی نقشہ سازی اور عددی تفصیلات مرتب کرنے کے لئے عملی اقدامات شروع کریں۔ سرکاری زمینوں کے جیو کوآرڈینیٹس اکٹھے کرنے اور جی آئی ایس کی مدد سے ان زمینوں کے نقشہ جات اور دیگر تفصیلات مرتب کرنے کے لئے تمام اضلاع میں جی آئی ایس انالسٹس کی خدمات فراہم کردی گئی ہیں۔