اسلام آباد (آن لائن) وفاقی سیکرٹری وزارت توانائی عرفان علی نے واپڈا میں ملازمین کی کمی کی وجہ سے ادارے اور صارفین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر واپڈا محکمہ بجلی میں بھرتی پر عائد پابندی ختم کرنے اور تمام بجلی کمپنیوں کو خالی اسامیاں پُر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ اس امر کا اعلان انہوں نے گذشتہ روز پاک سیکریٹریٹ میںآل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد کی سربراہی میں وفدسے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پیپکو وسیم مختار اور وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری توانائی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بجلی چوری کے تدارک اور واجبات کی وصولی پر مامور عملہ کو قانون شکن عناصر سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام قانونی و انتظامی اقدامات کئے جائیں گے مثالی کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کا جائز مطالبہ پورا کیا جائے گااور کارکنوں کے تمام مسائل یونین کے پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق باہمی افہام و تفہیم سے حل کئے جائیں گے۔ خورشید احمد نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید اور معذور ہونے والے کارکنوں کے لواحقین کیلئے 35لاکھ روپے کی امدادی رقم ، بچے اور بچیوں کو مفت تعلیم کی سہولت، شادی کیلئے فی کس دو لاکھ روپے میرج گرانٹ کی فراہمی اور دیگر مراعات کی منظوری دینے پر وفاقی سیکرٹری توانائی کا شکریہ ادا کیا۔