لوکاٹا( آن لائن ) اٹلی کے گائوں لوکانا کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی اس گائوں میں آکر آباد ہوگا اسے کم سے کم 10 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 13 لاکھ روپے سے زائد کی رقم دی جائے گی۔ لوکانا کے میئر نے وہاں کی آبادی انتہائی کم ہونے کے بعد وہاں آباد ہونے والوں کے لئے پرکشش مراعات کا اعلان کیا۔رپورٹ کے مطابق لوکانا کی انتظامیہ نے دنیا بھر کے افراد کو وہاں آباد ہونے کی دعوت دیتے ہوئے انہیں ایک گھر کے بدلے 10 ہزار امریکی ڈالر دینے کی پیش کش بھی کی ہے۔علاوہ ازیں مقامی انتظامیہ شادی شدہ جوڑوں کو بچے پیدا کرنے پر الگ مراعات دے گی۔لوکانا میں آباد ہونے والوں کو بچے پیدا کرنے پر مقامی حکومت علیحدہ ایک ہزار امریکی ڈالر یعنی سوا لاکھ پاکستانی روپے تک کی رقم بھی ادا کرے گی۔لوکانا کی انتطامیہ چاہتی ہے کہ وہاں دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ نوجوان جوڑے آکر آباد ہوں، جو بچوں کی پیدائش میں بھی دلچسپی رکھتے ہوں۔اٹلی کے حسین ترین مقامات میں شمار ہونے والے اس قصبے میں انتہائی کم لوگ رہ جانے کی وجہ سے لوکانا کی انتظامیہ بچے پیدا کرنے والے جوڑے کو ہر بچے پر علیحدہ ایک ہزار امریکی ڈالر دے گی۔مقامی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ لوکانا کی آبادی تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے اور اب اس پورے 132 کلو میٹر رقبے پر پھیلے علاقے میں صرف 1500 افراد رہ رہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہاں ایک صدی قبل 7 ہزار کے قریب افراد بستے تھے، جو کم ہوکر 1500 تک پہنچ چکے ہیں اور یہاں سالانہ کم سے کم 40 افراد مرتے ہیں اور صرف 10 بچے ہی پیدا ہوتے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق اٹلی کے خوبصورت ترین اس مقام میں لوگوں کے نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر کئی گھر خالی پڑے ہوئے ہیں جب کہ دکانیں اور ہوٹل بھی بند پڑے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آبادی کے مسلسل کم ہونے کی وجہ سے انہیں یہاں ہسپتال اور اسکول بھی بند کرنے پڑ رہے ہیں اور یہ علاقہ تیزی سے گھوسٹ علاقوں میں شمار ہوتا جا رہا ہے۔انتطامیہ کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جو بھی غیر ملکی آکر آباد ہوگا اسے نہ صرف گھر مفت فراہم کیا جائے گا بلکہ اسے گھر آباد کرنے کے پہلے تین سال کے اندر 10 ہزار امریکی ڈالر بھی ادا کئے جائیں گے۔