سوات (مارننگ پوسٹ) محکمۂ جنگلات نے کالام و مہوڈھنڈ سے لے کر کوہستان، شہوربالا، دیر اور چترال تک جنگلات کی نگرانی زیادہ سخت اور مؤثر بنانے کے علاوہ ٹمبر مافیا کے خلاف منظم کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف جنگلات کے ذخائر مکمل طور پر محفوظ بنا دیے گئے بلکہ چھوٹی بڑی سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں کے ذریعے بے شمار عادی ٹمبر سمگلروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ سیکورٹی فورسز اور پولیس و ضلعی انتظامیہ بھی محکمہ جنگلات کے شانہ بشانہ اس جہاد میں شامل ہیں۔ کنزرویٹر فارسٹ ملاکنڈ کے مطابق فارسٹ سٹاف کالام، کوہستان، دیر شرینگل اور واڑی نے ٹمبر سمگلنگ میں ملوث بعض بڑی مچھلیوں کو گرفتار کرکے ان سے لاکھوں روپے جرمانہ اور سیکڑوں مکعب فٹ عمارتی لکڑی برآمد کی ہے۔ اسی طرح محکمہ جنگلات نے مہوڈنڈ تاوادی کمراٹ سوات کوہستان اور اور دیر کوہستان کے دشوار گذار پہاڑوں کی چوٹیوں پر نگرانی کو مربوط بنا کر ٹمبر سمگلروں کو اپنے اسلحہ، خچروں اور مشینری سمیت وہاں سے بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے۔ محکمۂ جنگلات کے ترجمان کے مطابق آج ملاکنڈ سرکل سے لے کر شہور بالا، دیر اور چترال کے وہ جنگلات بھی پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہیں۔