اسلام آباد(رپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی بدھ کے روز اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں عدم حاضری پرنا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم واپس لے لیا، صوبائی وزیر سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سید محمد علی بخاری کے ہمراہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو تحریری درخواست جمع کرائی جس میں عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہیں عدالتوں اور قانون کا احترام کرتے ہیں تاہم سرکاری مصروفیات کی وجہ سے وہ اسلام آباد نہیں آ سکے تھے تاہم آئندہ سماعت جو عدالت نے مقرر کی ہے وہ ضرور عدالت میں پیش ہونگے جس پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم واپس لے لیا، واضح رہے کہ 2014 میں مسلم لیگ ن حکومت نے دھرنے کے دوران عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے خلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کا مقدمہ درج کیا تھا جس کی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جاری ہے۔