سوات(مارننگ پوسٹ)پاکستان کے دورے پر آئے بھارت کے سکھ مذہبی رہنماؤں کا وفد نرمل سنگھ(تمغہ پدھم شری انڈیا) کی قیادت میں پانچ روزہ دورے پر بونیر پہنچ گیا جہاں ڈپٹی کمشنر بونیر شفیع اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر آفس ڈگر میں وفد کا استقبال کیا اور ان سے تفصیلی ملاقات بھی کی اس موقع پر ڈی سی نے وفد کو بونیر کی تاریخ و ثقافت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور علاقے میں سیاحت اور سکھ عبادت گاہوں و مقدس مقامات پر روشنی ڈالی انہوں نے سکھ زائرین کے وفد کو اپنے مقدس مقامات کے دورے اور مقامی سکھ کمیونٹی سے ملاقات کیلئے سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کیں وفد میں شامل دیگر مذہبی رہنماؤں میں کلجیت سنگھ اور درشن سنگھ بھی شامل ہیں جنہوں نے بتایا کہ وہ یہاں پر اپنی سکھ کمیونٹی کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کرنے آئے ہیں واضح رہے کہ بونیر میں سکھ کمونٹی وسیع تعداد میں موجود ہیں بالخصوص پیر بابا میں انکی تعداد سب سے زیادہ ہے وفد نے پہلے روز مقامی سکھ زعماء سے ملاقات کے علاؤہ کئی مقدس مقامات کی سیر کی اس موقع پر وفد کے سربراہ نرمل سنگھ کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد گولڈن ٹیمپل امرتسر کے وفد کا یہ بونیر اور خیبرپختونخوا کا پہلا دورہ ہے انہوں نے اس بات پر کافی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ بونیر میں انہیں بہت محبت و پذیرائی ملی اور ہر جگہ لوگوں نے ان سے کافی اپنائیت اور مہمان نوازی کا برتاؤ کیا انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ امن پسند و ملنسار ہیں جبکہ پورا علاقہ نہایت دلکش اور خوبصورت ہے انہوں نے بھارتی سکھ وفد کی قدردانی اور تمام سہولیات کی فراہمی پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ وہ پاکستانی عوام کی انسانیت اور امن سے محبت کا پیغام بھارتی عوام کو پہنچائیں گے۔