اسلام آباد (این این آئی)سرکاری حج سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کے بعد عازمین کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی (آج) منگل کو ہو گی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق قرعہ اندازی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کریں گے، رواں سال حج کے لئے دو لاکھ سولہ ہزار پانچ سو بیالیس عازمین نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، درخواست دہندگان کو ان کی درخواستوں کی وصولی کے بارے میں ان کے موبائل فون پر ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا گیا، حج پالیسی 2019 کے مطابق ابتدائی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کرنا تھا جن میں سے ایک لاکھ سات ہزار پانچ سوچھبیس عازمین نے سرکاری سکیم اور دیگر عازمین نے حج گروپ آرگنائزرز کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنا تھی تاہم بعد میں سعودی حکومت نے پاکستانیوں کا حج کوٹہ بڑھا کر دو لاکھ کردیا تھا۔وزارت مذہبی امور نے گزشتہ 3 سال سے مسلسل ناکام درخواست گزاروں کے لئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا ہے جن کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔
سرکاری حج سکیم کے تحت قرعہ اندازی آج ہو گی
