مردان ()عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہاہے کہ دوسروں کو ایمانداری کا درس دینے والے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ایک نہیں تین تین جگہ اپنے ضمیروں کا سودا کیا۔عمران خان میں ہمت ہے تو وعدے کے مطابق بکنے والے ارکان کے نام منظر عام پر لائیں اور انکے خلاف کاروائی کریں۔وہ طورو میں ممتاز شخصیت عبد الطیف خان طورو ،شیر افغان خان طورو اور دیگر شخصیات کی اے این پی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے تھے۔دیگر مقررین میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 51امیدوار اور ضلع ناظم حمایت اللہ مایار،پی کے52کے امیدوار علی خان اور شیر افغان طورو شامل تھے جبکہ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری لطیف الرحمان،نائب صدر عباس ثانی،عبد العزیز خان،تحصیل کونسلر سعید عالم بابا اور شاہ نوا ز خان بھی موجود تھے۔حیدر ہوتی نے کہاکہ حکومت کی رخصتی میں 62دن رہ گئے اللہ نے موقع دیا وزیر اعلیٰ بنا تو اسلام آباد ناچنے کے لئے نہیں صوبے کے مالی اختیارات لینے کے لئے جایا کرونگا۔پختونوں کا اتحاد دلی آرزو ہے ۔پختون قوم لاہور،لاڑکانہ اور بنی گالہ کی طرف دیکھنے کی بجائے ایسے لوگوں پر اعتماد کریں جو ان میں سے ہو اور انکے مسائل و مشکلات کا ادراک رکھتے ہو۔انہوںنے کہا کہ پختون سرخ جھنڈے تلے متحد ہو جائے تو کوئی مائی کا لعل ان کی تقدیر بدلنے کو روک نہیں سکتا۔اپنا اختیار اپنے ہاتھوں میں ہو تو ناممکن بھی ممکن بن جاتا ہے۔حیدر ہوتی نے کہاکہ ہماری جنگ ان قوتوں کے ساتھ ہے جو پختونوںکی ترقی میں رکاوٹ ہے تبدیلی دعوؤں سے نہیں خدمت سے آتی ہے۔انہوںنے کہاکہ دوسروں پر صبح و شام کرپشن کے الزامات لگانے والے سینٹ انتخابات میں ٹماٹر اور پیاز کی طرح بک گئے ۔مردان کے رکن اسمبلی کا یہ اعتراف کہ انہیں آئندہ انتخابات کے خرچے کے لئے رقم دی گئی تھی اور جب یہ رقم انہیں کم نظر آئی تو انہوں نے اپنوں کے ساتھ ساتھ دوسروں سے بھی رقم پکڑ لی۔انہوں نے کہاکہ خود کو ایماندار کہنے والے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف نیب تحقیقات کررہی ہے۔حیدر ہوتی نے کہا کہ کپتان جس کو سینٹ انتخابات سے قبل سب سے بڑی بیماری کہہ رہے تھے ،الیکشن میںوہ ان کے لئے سب سے بڑی دوائی بن گئے۔