ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف نے منگل سے دوبارہ لانگ مارچ کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے وزیر آباد کے اللہ والا چوک سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کیاجائیگا جبکہ خیبر پختونخوا کی قیادت کو بھی دوبارہ سے پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا ذرائع کے مطابق مرکز سے ہدایات موصول ہو گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ اسی طریقے سے جاری رہیگا اور منگل کے روز دوبارہ سے لانگ مارچ شروع کیا جائیگا ۔خیبر پختونخوا کے قافلوں کو 10روز بعد ہدایات جاری کی جائینگی اور اس کے بعد وہ اسلام آباد کیلئے نکلنے کی منصوبہ بندی کرینگے۔
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کو یوتھ، وومن ، لائرز اور سٹوڈنس ونگز کے اجتماعات کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جو صوبے کے مختلف مقامات پر منعقد کرائے جائینگے اور ان اجتماعات میں مرکزی اور صوبائی قیادت شرکت کریگی ۔ہر ایم پی اے اور ایم این اے کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ضلع میں موجود رہے اور کسی ناگزیر وجہ کے علاوہ اپنا علاقہ چھوڑنے سے گریز کرے ۔
لانگ مارچ میں کارنر میٹنگز اور ریلیاں بھی منعقد کی جائیں تمام ارکان اسمبلی باقاعدگی سے ورکرز کے ساتھ ملاقاتیں کرینگے اور اسلام آباد زیادہ سے زیادہ ورکرز لانے کیلئے گاڑیوں کے بندوبست کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردنوش کا بندو بست بھی کیاجائیگا۔ خیبر پختونخوا کی قیادت کو 17نومبر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اسلام آباد کیلئے نکلنے کی تاریخ دی جائیگی ۔
پی ٹی آئی کا منگل سے دوبارہ لانگ مارچ کا آغاز،خیبرپختونخواکے قافلوں کو10روزبعد بلایاجائیگا
