پشاور()وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ زمونگ کور فائونڈیشن پراجیکٹ کو نیشنل سطح کا پراجیکٹ بنائیںگے مذکورہ پراجیکٹ کو پورے صوبے میں توسیع دینگے،وزیراعلیٰ نے زمونگ کور پراجیکٹ کو اسی نام سے پورے پاکستان میں توسیع دینے کی تجویزسے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ زمونگ کور پراجیکٹ کو صوبے میں توسیع کیلئے ڈویژنل لیول پر صوبائی حکومت نے ہوم ورک شروع کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے زمونگ کور فائونڈیشن اور سپارک آف ہوپ کے مابین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کے دوران وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں کیا۔ اس موقع پرچترال سے رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، چیئرمین زمونگ کور فائونڈیشن سید امتیاز حسین گیلانی اور سپارک آف ہوپ کے نمائندے بھی موجو د تھے ۔ وزیراعلیٰ کو سپارک آف ہوپ کی زمونگ کور فائونڈیشن کو تعاون فراہم کرنے اور مختلف شعبہ جات میں ان کی سپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی کو بتایا گیا کہ آٹھویں جماعت کے بعد طلبا کی مزید تعلیم کا پورا خرچہ ، زمونگ کور فائونڈیشن میں طلبا کیلئے سپورٹس گرائونڈز ، کمپیوٹر لیبارٹریز ، انگلش اور چائنیز لینگویج کی ترویج کیلئے سپار ک آف ہوپ فائونڈیشن فوری طورپر تمام اخراجات میں مکمل تعاون کریگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس کار خیر میں مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ بہت جلد زمونگ کور فائونڈیشن کا دورہ بھی یقینی بنائیںگے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے صوبے کے یتیم بچوں کی تعلیم کیلئے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے زمونگ کور فائونڈیشن کی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہا ۔
زمونگ کور فائونڈیشن کو پورے صوبے میں توسیع دینگے،وزیراعلیٰ
