سوات(مارننگ پوسٹ)اپنے آباء و اجداد کی زمینیں کسی کو کسی صورت حوالہ کرنے کو تیارنہیں۔کسی نے زبردستی چھیننے کی کوشش کی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔آل کمیٹی مقامی کاشتکاران ملاکنڈ ڈویژن نے بھرپور مزاحمت کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوجر قومی مومنٹ کے مرکزی صدر زرین گوجر اور آل کمیٹی مقامی کاشتکاران ملاکنڈڈویژن کے مقامی عہدیداران صدر رحیم شاہ خان، جنرل سیکرٹری ماسٹر خان زمان، گل رحمن، امیرزمان،گل رحمان بریکوٹ اور دیگر درجنوں افراد نے کبل گراؤنڈ میں احتجاج کے بعدکبل پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت توجہ دلاؤ نوٹس 941کوفی الفور عملی جامہ پہنائے۔بصورت دیگر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کے ساتھ ساتھ پشاور میں بڑا دھرنا دینگے۔یہ ہماری زمینیں ہیں ان پر ہم جانی و مالی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔1980بندوبست کے وقت یہ زمینیں ہمیں اطلاع دئے بغیر سرکارکے کھاتے میں ڈال کر ہمارے ساتھ ظلم کی انتہاکی گئی۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی و مرکزی حکومتیں ہمارے ساتھ مذاکرات کے ذریعے اس سنگین مسئلہ کا کوئی حل نکالے تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔بصورت دیگر ہم جیل جانے اور مرمٹنے کو بھی تیارہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہمارے کسی آدمی پر پرچے کاٹے گئے یا کوئی اہلکار ہمارے پاس بھیجے گئے تو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔
زبردستی ہم سے ہماری زمینیں چھیننے کی کوشش کی گئی تو ناخوشگوار حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی،کاشتکاران
