سوات(مارننگ پوسٹ)سوات سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سلیم الرحمن نے کہاہے کہ جنگلات قومی ورثہ ہے لیکن بدقسمتی سے آج یہی قوم ان جنگلات کی دشمن بن گئی ہے،نباتاتی پودوں کی پیدوار بڑھانے اور ان کو سائنسی بنیادوں پر استعمال میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے تحریک انصاف کی حکومت اقدامات اٹھائے گی،عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جو جنگلات اور پودوں کے دوست بن کراس کی ترقی کے لئے خواہاں ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات کے دفتر سیدوشریف میں نباتاتی پودوں کی اہمیت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد تعلیمی ادارہ دی ایجوکئیر نے کیا تھا،اس موقع پر محکمہ جنگلات کے حکام نے اسکول کے بچوں کو سوات کے پہاڑوں پر پائے جانے والے نایاب اور اہم نباتاتی پودوں کی نرسری میں بریفنگ دی،بچوں نے بھی نباتاتی پودوں کی پیدوار بڑھانے کے لئے اپنا کردار اداکرنے کا عزم دہرایا،اسکول کے بچوں نے جنگلات کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی ٹیبلوز بھی پیش کئے اس موقع پر اسکول پرنسپل ہماتوروالی،ڈی ایف او سوات رئیس خان اور دیگر حکام نے بھی خطاب کیا،ایم این اے سلیم الرحمن نے کہاکہ وہ ہرسکول کی سطح پر بچوں میں درختوں اور نباتاتی پودوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے خصوصی پروگرامات کے انعقاد کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ بات کریں گے تاکہ درختوں کی کٹائی کو روک کر نئے پودے لگائے جاسکے۔