سوات (مارننگ پوسٹ) سوات میں مزید چار پہاڑوں پر نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں پودے خاکستر ہوگئے۔ کانجو ٹاؤن شپ کے علاقہ انظر تنگے میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی جو تیزی کے ساتھ پھیلتی گئی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان وقار احمد کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ پہنچ گیا اور پانچ گھنٹے آپریشن کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ آپریشن میں ریسکیوکے1122 اہلکاروں، دو فائر وہیکلز، دو ایمبولنس اور فارسٹ اہلکاروں نے حصہ لیا۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقہ املوک درہ، کنڈاک اور چرخی کے پہاڑوں میں بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگی جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں پودے اور درخت جل گئے۔ واضح رہے کہ سوات میں آئے روز جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔  گذشتہ کئی دنوں کے دوران کوٹلئی، منگلور، فضاگٹ، سیدوشریف، لوئے بنڑ دنگرام،خونہ چم اور کوزہ بانڈئی سمیت دیگر مقامات پر پہاڑیوں اور جنگلات میں آتش زدگی سے بڑی تعداد میں پودے جل کرراکھ ہوچکے ہیں۔