سوات(مارننگ پوسٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جنگلات میں آتشزدگی کے مسلسل واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ہر ڈویژن میں فارسٹ فائر منیجمنٹ ٹیم قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے ایس او پیز بھی جاری ہوگئے جن کے مطابق ڈویژنل سطح پر ایک فائر منیجمنٹ ٹیم ہوگی جس کا سربراہ متعلقہ ڈویژن کا کمشنر ہوگا جبکہ ممبران میں ڈی آئی جی پولیس، کنزرویٹر فارسٹ، ڈویژنل فارسٹ آفیسرز، ضلعی انچارج شہری دفاع، ریسکیو 1122کے ضلعی سربراہ،ضلعی سربراہ پولیس اور ٹی ایم اوز شامل ہونگے اس کا انکشاف پختونخوا ریڈیو کے پروگرام ”پاسبان“ میں جنگلات پر بار بار آگ لگنے کے موضوع پر ایک مذاکرہ میں ہوا جس میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر محمدرئیس خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرعمران خان یوسفزئی اور سول ڈیفنس ڈسٹرکٹ انچارج محمد الیاس خان نے شرکت کی رئیس خان نے واضح کیا کہ جنگلات میں آتشزدگی کی بہت سی وجوہات ہیں انہوں نے کہا کہ اگرچہ بروقت کاروائی کی وجہ سے پورے ضلع سوات کے جنگلات میں ایک درجن سے بھی کم درختوں کو آتشزدگی سے نقصان پہنچاتاہم بڑھتے واقعات کی وجہ سے دہشت گردی کے امکانات کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا جبکہ مقامی لوگ سوکھی گھاس اور پتوں کو ختم کرنے کیلئے بھی اسے آگ لگاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے لاکھوں سیاح سوات اور دیگر پہاڑوں میں آتے ہیں وہ ان جنگلات میں کیمپنگ کرتے ہیں نوجوانوں کے کیمپنگ فائر، سگریٹ پینے اور کسی شکاری کی فائرنگ سے بھی ان جنگلات میں آگ لگ جاتی ہے جس پر قابو پانے کیلئے نہ صرف ہماری فارسٹ گارڈ ٹیم بلکہ سول ڈیفنس کے رضاکار، ریسکیو کے اہلکار اور مقامی لوگ اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر آگ بجھانے کی پوری کوشش کرتے ہیں اور ہری پور کی حالیہ آتشزدگی میں مقامی کمیونٹی کے دو رضاکاروں کی شہادت اور ایک فارسٹ گارڈ کا زخمی ہونا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے اس الزام کہ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ والے بلین ٹری سونامی یا دیگر ریکارڈ کو چھپانے یا ضائع کرنے کیلئے خود جنگلات میں آگ لگاتے ہیں کو منفی پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس قسم کی افواہوں میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہمارا تمام ریکارڈ بالکل محفوظ ہے اور ہم ہر کسی کو اپنی کارکردگی اور ریکارڈ دونوں پیش کرسکتے ہیں جو بالکل سورج کی روشنی کی طرح واضح اور شفاف ہے انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات میں آگ پر قابو پانے کیلئے فارسٹ ٹیم مکمل طور پر سرگرم ہے ہمارے فارسٹ گارڈز نے آتشزدگی میں ملوث لوگوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کئے ہیں ہماری انوسٹی گیشن بھی جاری رہتی ہے اور ہماری ٹیم شک کی بنیاد پر بھی ایسے ملک وقوم دشمن عناصر کو گرفتار کرتے ہیں انہوں نے سامعین کی طرف سے وزیر اعلیٰ اور تمام حکام بالا سے اس مطالبہ سے بھی اتفاق کیا کہ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے فارسٹ گارڈ اورمقامی رضاکاروں کیلئے حکومت شہداء پیکج کا اعلان کرے اور ان کے بچوں کو روزگار دے جبکہ آگ پر قابو پانے کیلئے فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کو جدید آلات سے لیس کیا جائے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے کہا کہ ہماری ٹیم انسانی جانیں بچانے کیلئے دوسری خدمات کے علاؤہ جنگلات میں آتشزدگی پر قابو پانے کیلئے ہر وقت تیا رہتی ہے اور عوامی مفاد کی خاطر فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ ریسکیو عملہ کیلئے اونچے پہاڑوں تک رسائی ممکن نہیں ہوتی کیونکہ ہمارے پاس وہاں تک رسائی کے جدید آلات موجود نہیں اگر حکومت آلات مہیا کرتی ہے اور ہماری رسائی ممکن ہو تو آگ پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے ہموار علاقوں میں ہماری ریسکیو ٹیم کی کارکردگی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے سول ڈیفنس کے انچارج الیاس کا کہنا تھا کہ شہری دفاع کے رضاکار ہر وقت کسی بھی مشکل سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں سوات میں اس وقت ہمارے 580 مرد رضا کار جبکہ 150 خواتین رضاکار موجود ہیں جن کو ہر سال حالت جنگ کے علاوہ زمانہ امن میں آتشزدگی سمیت تمام ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دی جاتی ہے اسلئے محکمہ جنگلات ہمارے ان تمام رضاکاروں کو بھی مقامی کمیونٹی کی طرح اپنی فورس سمجھے اس موقع پر ڈی ایف او رئیس خان نے سامعین کو مژدہ سنایا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ جنگلات کو آتشزدگی سے نمٹنے کیلئے جدید آلات کی فراہمی کی منظوری بھی دیدی ہے جن میں فائر پروف لباس، جیکٹ، ہیلمٹ، گلاؤز،فائرریکس اور بیٹرز شامل ہیں انہوں نے اتفاق کیا کہ جنگلات ہمارے قومی اثاثہ ہیں اسکی حفاظت کرنا نہ صرف فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے بلکہ ہر شہری کا حق بنتا ہے کہ اس قومی مہم میں ہمارا ساتھ دیں جنگلات پر آگ بجھانے کا عمل ہمارے مکمل کنٹرول میں ہے اور ایک یا دو گھنٹوں کے اندر اندر آگ پر قابو پالیا جاتا ہے۔