سوات   (مارننگ پوسٹ)   سوات میں مذبح خانہ مینگورہ شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ سیاسی مداخلت پر واپس لے لیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب اوگدے میں 18کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی نئی عمارت ویران کردی گئی۔ سبزی منڈی آج جمعہ کے روز اوڈیگرام منتقل کرنے کااعلان کیا گیا ہے لیکن بیشتر آڑھتیوں کی جانب سے بھی اس حکم نامے کو نہ ماننے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ سوات میں انتظامیہ کی جانب سے مینگورہ شہر میں ٹریفک ازدحام کو کم کرنے کے لئے سبزی منڈی، لاری اڈہ اور مذبح خانے کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ خدا خدا کرکے جنرل بس اسٹینڈ تو منتقل ہوگیا لیکن جب باری مذبح خانے کی آئی اور منتقلی ہوئی، توایک رکن صوبائی اسمبلی کی مبینہ سیاسی مداخلت پر جن کا بھائی انجمن قصابان سوات کے صدر ہیں، مذبح خانہ واپس مینگورہ لاکر 18کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی عمارت کو ویران کر دیا گیا،  جس پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔ ادھر سبزی منڈی کا آج جمعہ کے روز شہر سے اوڈیگرام منتقل ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ اس منتقلی میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں اب یہ وقت ہی ثابت کرے گا۔