خیبرپختونخوا کے مختلف تعلیمی بورڈزکی جانب سے نہم ودہم کے پرچہ منسوخی فیسوں میں اضافہ کردیاگیا ہے جس نے طلبہ خصوصاً غریب طالبعلموں کوچکرا کر رکھ دیا، طالبعلموں کو فی مضمون منسوخ کرنے کی صورت میں15سو روپے تک ادا کرنے ہوں گے،ذرائع کے مطابق جماعت نہم کے طلبہ جو ایک ، دو یا تین پرچوں کو منسوخ کرنا چاہتے ہیں وہ بینک کی اصل رسید اورڈی ایم سی میں مطلوبہ پرچہ یا پرچہ جات کی منسوخی کے گرد دائرہ لگاکر متعلقہ بورڈ کو ارسال کریں گے۔ تعلیمی بورڈ کوہاٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فی پرچہ فیس 15سو روپے ، دوپرچوں کیلئے 3 ہزار، تین پرچوں کے منسوخی کیلئے ساڑھے 4 ہزار روپے جبکہ تمام پرچے منسوخ کرنے کی صورت میں 3 ہزار روپے تک ادا کرنے پڑیں گے۔اسی طرح ری ٹوٹلنگ فی پرچہ فیس 600 روپے جبکہ گریس مارکس فیس500روپے مقررکی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دیگرمختلف تعلیمی بورڈز کی جانب سے بھی پرچہ منسوخی فیسوں میں اضافے کی شکایات سامنے آئی ہیں جبکہ متعلقہ مسئلہ سوشل میڈیا پر بھی زیربحث لایا گیا ہے ۔ فیسوں میں اضافے نے طلبہ خصوصا غریب طلباء وطالبات کیلئے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔