وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے برن اینڈپلاسٹک سرجری ہسپتال حیات آباد کے لئے گرانٹ دینے کی منظوری سے اصولی اتفاق کیا ہے جبکہ ہسپتال میں مریضوں کو سو فیصد مفت علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے دیگر ہسپتالوں میں برن اینڈ ٹراما سنٹر کی فعالی اور پلاسٹک سرجن کی خالی آسامیوں پر تعیناتی یقینی بنانے کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں برن اینڈ ٹراما سنٹر کو ٹائم فریم کے اندر مکمل فعال بنانے اور اس میں مریضوں کو پہلی فرصت میں علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیاہے کہ ٹائم فریم مکمل ہونے کے بعد وہ خود لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کریں گے اس دوران وہ ایل آر ایچ میں برن اینڈ ٹراما سنٹر کا معائنہ بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں برن اینڈ پلاسٹک سرجری ہسپتال حیات آباد میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیربرائے صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان ، ایس ایس یو کے ہیڈ صاحبزادہ سعید ، سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاروق جمیل ، پروفیسر ڈاکٹر طاہر ، ڈاکٹر شہزاد اکبر و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو برن اینڈ پلاسٹک سرجری ہسپتال حیات آباد میں مختلف حادثات میں جھلس جانے والے مریضوں کو دی جانے والی مفت سہولیات ،مفت ادویات ، مختلف اعضاء کی پلاسٹک سرجری اور اس پر اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں جھلس جانے والے مریضوں کوسو فیصد مفت علاج مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ جھلس جانے والے مریضوں پر دو ہفتوں کے علاج معالجے پرفی مریض ایک لاکھ روپے تک خرچ کیا جاتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں مریضوں کومفت دوائیوں کی مد میںسالانہ 29کروڑ روپے کی خطیر رقم کی اشد ضرورت ہے جس کی وزیراعلیٰ محمود خان نے منظوری کی یقین دہانی کرائی ہے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تمام جھلس جانے والے غریب اور نادارمریضوں کو مفت دوائی اور دیگر سہولیات بروقت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں آٹھ سے بارہ بیڈز برن اینڈ ٹراما مریضوں کے لئے مختص کئے جائیں۔ انہوں نے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں برن اینڈ ٹراما سنٹر قائم کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ہسپتال جیسے رحمان میڈیکل سنٹر پشاور، نارتھ ویسٹ ہسپتال پشاور اور پمز ہسپتال پشاور کیساتھ جلد مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جائیں گے جس کی رْو سے تیس فیصد جھلس جانے والے مریضوں کا علاج ان ہسپتالوں میں مفت کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی سطح کے ہسپتالوں میں بھی برن اینڈ ٹراما سنٹر قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ محمودخان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صو بے میں صحت کے شعبے میں جدت لانے اور عوام کو مفت صحت سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے اور اس کے لئے عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے جس کاعملی مثال برن اینڈ پلاسٹک سرجری ہسپتال حیات آباد کی شکل میں موجود ہے۔
وزیر اعلی محمود خان کاضلعی سطح کے ہسپتالوں میں برن اینڈ ٹراما سنٹر قائم کرنے کی تجویز
